منگلورو 12؍دسمبر (ایس اونیوز) چند دن پہلے فالنیر علاقے سے شماق نامی نوجوان کو اغوا کرنے اور بعد میں 50ہزار روپے تاوان وصول کرکے چھوڑنے والے کے الزام میں گرفتار کیے گئے گوتم(۲۸سال) اور لوئی ویگس (۲۶سال)کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث ہیں۔
پولیس کے بیان کے مطابق ان دو ملزمین کے پاس سے13ہزارمالیت کی ایل ایس ڈی(Lysergic acid diethylamide)نامی نشہ آور دوائی ضبط کی گئی ہے۔جو کہ ہیریٹیج بلڈنگ میں چھپاکر رکھی گئی تھی۔ منگلورو ساؤتھ پولیس انسپکٹر کے ایم شریف اور عملے نے مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر مذکورہ مقام پر چھاپہ مار کر نشہ آور دوائی کے علاوہ ملزمین کے پاس سے موبائل فون، چاقو، لوہے کی سلاخ ، اسکوٹراور کار ضبط کی ہے جس کی مجموعی مالیت2,89,000روپے بتائی جاتی ہے۔
بتایاجاتا ہے کہ ملزمین نے شماق کو اغوا کرکے اسے پیٹنے اور رقم لوٹنے کے جرم میں شامل ہونے کی بات قبول کی ہے۔ کاوور پولیس اسٹیشن میں گوتم پر پہلے ہی سے مارپیٹ اور قتل کے کیس درج ہیں۔ قتل کے معاملے میں عدالت سے اس کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی، مگر وہ ضمانت پر رہائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوا تھا۔ جبکہ لوئی ویگس پر کاوور پولیس اسٹیشن میں2ڈکیتی کی کوشش کے کیس،منگلورو نارتھ پولیس اسٹیشن میں 1ڈکیتی کاکیس اوربرکے پولیس اسٹیشن میں1قتل کی کوشش ،2مارپیٹ کے کیس اور منگلورو مضافاتی پولیس اسٹیشن میں1مارپیٹ کا کیس درج ہے۔